سان فرانسسکو(ویب ڈیسک): انٹرنیٹ سیکیورٹی اور کارکردگی فراہم کرنے والے عالمی ادارے ‘کلاؤڈ فلیر’ نے اپنی 16 سالہ تاریخ میں پہلی بار بڑے پیمانے پر جبری برطرفیوں کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی نے اپنی افرادی قوت میں 20 فیصد کمی کرتے ہوئے تقریباً 1,100 ملازمین کو فارغ کر دیا ہے، جبکہ حیران کن طور پر اسی سہ ماہی میں کمپنی کی آمدنی 34 فیصد اضافے کے ساتھ ریکارڈ 639.8 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
کمپنی کے سی ای او میتھیو پرنس (Matthew Prince) نے واضح کیا کہ یہ برطرفیاں اخراجات کم کرنے کے لیے نہیں بلکہ کمپنی کے اندر آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) کے بڑھتے ہوئے اثرات کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ میں کمپنی کے اندر AI کے استعمال میں 600 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس سے ملازمین کی پیداوری صلاحیت (Productivity) میں 10 سے 100 گنا تک اضافہ دیکھا گیا ہے۔
میتھیو پرنس کا کہنا تھا کہ کوڈنگ سے لے کر مارکیٹنگ اور ایچ آر تک، تمام شعبوں میں اب AI ایجنٹس کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایک دلچسپ مثال دیتے ہوئے کہا، “صرف اس لیے کہ آپ فٹ ہیں، اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ مزید فٹ نہیں ہو سکتے۔” انہوں نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ 2027 تک کمپنی دوبارہ بڑے پیمانے پر بھرتیوں کا آغاز کرے گی، لیکن اب توجہ ان افراد پر ہوگی جو AI ٹولز کا ماہرانہ استعمال جانتے ہوں۔





