لوزیانا، امریکہ(ویب ڈیسک): امریکی ریاست لوزیانا کے شہر شریوپورٹ میں آٹھ معصوم بچوں کے قتل کی لرزہ خیز واردات میں ملوث ملزم کی شناخت شمار ایلکنز (Shamar Elkins) کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق، ہلاک ہونے والے آٹھ میں سے سات بچے ملزم کے اپنے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ ہولناک واقعہ اتوار کی صبح ایک گھریلو تنازع کے دوران پیش آیا۔ ملزم شمار ایلکنز نے ویسٹ 79 اسٹریٹ پر واقع ایک گھر میں فائرنگ کر کے 3 سے 11 سال کی عمر کے 8 بچوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اس سے قبل ملزم نے بچوں کی ماں اور ایک اور خاتون پر بھی گولیاں چلائیں، جن میں سے ایک خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
بچوں کے قتل کے بعد ملزم نے ایک شخص سے گن پوائنٹ پر گاڑی چھینی اور فرار ہو گیا۔ پولیس نے پیچھا کر کے ملزم کو باسیر پیرش (Bossier Parish) کے علاقے میں گھیر لیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ملزم مارا گیا۔ پولیس کے مطابق اس مقابلے میں کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔
تحقیقات کے مطابق، شمار ایلکنز سابق فوجی تھا اور 2013 سے 2020 تک لوزیانا آرمی نیشنل گارڈ میں خدمات انجام دے چکا تھا، تاہم اس کی کوئی جنگی تعیناتی (Deployment) نہیں تھی۔
پولیس نے اس واقعے کو ایک “گھناؤنا فعل” قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعے کی ویڈیو یا مزید معلومات ہوں تو وہ فوری طور پر فراہم کرے۔ لوزیانا اسٹیٹ پولیس نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
