شانڈونگ(ویب ڈیسک): چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے 19 سے 20 اپریل 2026 تک چین کے صوبہ شانڈونگ کے شہر شوگوانگ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے “27ویں چائنا (شوگوانگ) انٹرنیشنل ویجیٹیبل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ایکسپو” میں شرکت کی.
واضح رہے کہ شوگوانگ کو چین میں “سبزیوں کا گھر” کہا جاتا ہے، اور اس سال پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان کو اس نمائش میں بطور “گیسٹ کنٹری آف آنر” (مہمانِ خصوصی ملک) مدعو کیا گیا۔
20 اپریل کو سفیر خلیل ہاشمی نے ایکسپو میں پاکستانی نیشنل پویلین کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ پویلین پاک چین پائیدار دوستی کی علامت ہے جہاں پاکستان کا مشہور گلابی نمک (پنک سالٹ)، باسمتی چاول، چلغوزے، دستکاری کے نمونے، جیڈ اور دیگر قیمتی پتھروں کی مصنوعات نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں۔
اپنے دورے کے دوران سفیر نے میئر ژاؤ تیان باؤ سے ملاقات کی اور مختلف زرعی ٹیکنالوجی کمپنیوں (Lisente Agricultural Technology) کا دورہ کیا۔ انہوں نے شوگوانگ کے اسمارٹ گرین ہاؤسز، جدید آبپاشی کے نظام اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت رکھنے والی کاشتکاری کی تعریف کی۔

سفیر نے پاکستان میں جدید گرین ہاؤس پائلٹ پروجیکٹس شروع کرنے اور بیجوں کی تیاری، کولڈ چین لاجسٹکس اور پوسٹ ہارویسٹ پروسیسنگ میں تعاون پر زور دیا۔
ایکسپو کی افتتاحی تقریب اور زرعی سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے سفیر خلیل ہاشمی نے چینی کمپنیوں کو پاکستان کے زرعی شعبے میں جوائنٹ وینچرز کی دعوت دی۔
انہوں نے پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور اسپیشل اکنامک زونز (SEZs) کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شوگوانگ کی مہارت سے فائدہ اٹھا کر پاکستان اپنی زراعت کو جدید خطوط پر استوار کر سکتا ہے۔
انہوں نے پاکستانی کسانوں کے لیے تربیتی پروگرامز اور پاکستان میں زرعی سمپوزیم منعقد کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔






