نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے عالمی تنازعات اور غیر ملکی تسلط کے شکار علاقوں میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ 20 سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے بعد، دنیا بھر میں غیر معمولی تنازعات کے باعث ‘تحفظ کے حق’ (Responsibility to Protect – R2P) کا ڈھانچہ انتہائی کمزور بنیادوں پر کھڑا ہے۔
اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں “تحفظ کی ذمہ داری، نسل کشی کی روک تھام، جنگی جرائم، نسلی تطہیر اور انسانیت کے خلاف جرائم” کے موضوع پر ہونے والے مباحثے کے دوران پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور بڑے پیمانے پر ہونے والے مظالم کو روکنے کا ہمارا مشترکہ عزم اکثر سستی، انکار، جانبداری اور مفلوج طرزِ عمل کی نذر ہو جاتا ہے۔
پاکستانی مندوب نے عالمی برادری کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ یہ خلا ان حالات میں سب سے زیادہ نمایاں ہوتا ہے جہاں طویل مدتی تنازعات اور غیر ملکی قبضہ قائم ہے، جہاں عالمی برادری کی مکمل موجودگی اور توجہ کے باوجود کھلے عام مظالم ڈھائے جا رہے ہیں اور کوئی ذمہ داری، کوئی تحفظ اور کوئی احتساب نظر نہیں آتا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ عالمی برادری کا ‘پھر کبھی نہیں’ (Never Again) کا وعدہ آج بھی ادھورا ہے۔





