نیویارک: دنیا کے سب سے مقبول کھیل، فٹبال میں پاکستان کے دیرینہ اور شاندار کردار کو اقوامِ متحدہ (UN) کے ہیڈ کوارٹر میں اس وقت بھرپور پذیرائی ملی، جب یو این میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے پاکستان میں تیار کردہ ایڈیڈاس کی آفیشل فٹبال “ٹرائینیڈو” (Trionado) اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر، ہز ایکسیلینس اینالینا بیربوک کو ایک خصوصی تقریب کے دوران تحفے میں پیش کی۔

یہ باوقار تقریب ‘ورلڈ فٹبال ڈے’ اور آنے والے ‘فیفا ورلڈ کپ 2026’ کے پیشِ نظر منعقد کی گئی تھی۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر کے اس اقدام نے دنیا بھر میں پاکستان کی فٹبال انڈسٹری اور یہاں کے ہنرمندوں کی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جو دہائیوں سے عالمی کھیل کے سب سے بڑے اسٹیج کو روشن کر رہے ہیں۔ پاکستان فیفا (FIFA) کے معیار کے مطابق فٹبال بنانے والا دنیا کا صفِ اول کا ملک مانا جاتا ہے۔

اس تاریخی موقع پر اقوامِ متحدہ کے نیویارک ہیڈ کوارٹر کے خوبصورت ‘نارتھ لان’ پر سفارت کاروں، فٹبال کے سابق کھلاڑیوں اور یو این اسٹاف کے درمیان دوستانہ فٹبال میچز بھی کھیلے گئے۔

ان میچوں میں مختلف ممالک کے شرکاء نے علاقائی ٹیموں کی شکل میں حصہ لیا اور باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر فٹبال کے کھیل کے ذریعے دوستی، اتحاد اور اسپورٹس مین شپ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ دنیا بھر کی نظریں اب فیفا ورلڈ کپ پر ہیں، اور ایسے میں اقوامِ متحدہ کے فورم پر میڈ ان پاکستان (Made in Pakistan) فٹبال کی گونج پاکستانی قوم کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔

