نیویارک(ویب ڈیسک): پاکستان کی ممتاز صحافتی شخصیت اور جیو نیوز کے سینئر اینکر پرسن سہیل وڑائچ نے امریکی ریاست کنکٹیکٹ میں واقع “ایس این کے پٹرولیم” (SNK Petroleum) کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔

یہ دورہ کمپنی کے سربراہ اور معروف پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین سید علی کرمانی کی خصوصی دعوت پر کیا گیا۔ وفد میں سابق وزیر اطلاعات پنجاب احمد وقاص ریاض، ممتاز سیاسی رہنما منیر احمد خان اور سینیئر صحافی آصف مصور بھی شامل تھے۔
ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر سی ای او سید علی کرمانی نے اپنے صاحبزادے سید میسم علی کرمانی اور دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ معزز مہمانوں کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر مہمانوں کو ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں امریکہ کے انرجی سیکٹر میں ایس این کے پٹرولیم کی غیر معمولی کامیابیوں اور نو مختلف ریاستوں میں پھیلے ان کے وسیع نیٹ ورک کو اجاگر کیا گیا۔

سہیل وڑائچ نے سید علی کرمانی کی بزنس بصیرت کو سراہتے ہوئے انہیں “پاکستان کا اثاثہ” اور “روشن چہرے کی عملی تصویر” قرار دیا۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستان کو سید علی کرمانی جیسی شخصیات کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

دورانِ گفتگو سہیل وڑائچ نے 21 سالہ نوجوان سید میسم علی کرمانی کی انرجی سیکٹر پر مہارت کی تعریف کی اور انہیں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ایک رول ماڈل قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر سید علی کرمانی کی رہائش گاہ پر وفد کے اعزاز میں پرُتکلف ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا۔
