سان فرانسسکو: مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی معروف کمپنی ‘اوپن اے آئی’ نے اپنے مقبول ترین چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی (ChatGPT) اور پروگرامنگ ایجنٹ کوڈیکس (Codex) سے تیار کردہ تحریروں میں ایک نا دیدہ (انویزیبل) واٹر مارک شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد اے آئی ڈیٹیکشن ٹولز کو اس بات کی شناخت میں مدد فراہم کرنا ہے کہ کوئی تحریر یا کوڈ انسان نے لکھا ہے یا مصنوعی ذہانت نے۔
کمپنی کی جانب سے 5 اکتوبر کی شب جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، اس مقصد کے لیے ‘ٹیکسٹ گرین’ (TextGreen) نامی نیا واٹر مارکنگ سسٹم استعمال کیا جائے گا۔
لارج لینگوئج ماڈلز (LLMs) جو ایک وقت میں ایک لفظ تحریر کرتے ہوئے اگلے لفظ کا تعین کرتے ہیں، اس نئے نظام کے تحت ہر تحریر میں ایک خاص نادیدہ پیٹرن شامل کر دیں گے۔
اوپن اے آئی نے واضح کیا ہے کہ یہ تبدیلی یورپی یونین (EU) کے قوانین کے مطابق وہاں کے تمام صارفین کے لیے لازمی ہوگی، جبکہ دنیا کے دیگر خطوں میں یہ فیچر فی الحال اختیاری (Optional) رکھا جائے گا۔
یورپی ممالک میں چیٹ جی پی ٹی اور کوڈیکس پر یہ سسٹم آئندہ چند ہفتوں میں نافذ العمل ہو جائے گا، جبکہ دنیا بھر میں منتخب ماڈلز کے API صارفین کو بھی یہ سہولت دستیاب ہوگی۔
اہم بات یہ ہے کہ ٹیکسٹ کی اصلیت جانچنے والا یہ واٹر مارک ٹول ابتدائی طور پر صرف محققین اور ماہرین کے استعمال کے لیے جاری کیا جائے گا۔





