نیویارک: امریکی شہر نیویارک کے علاقے کوئنز میں 100 سے زائد گاڑیوں پر مشتمل ایک غیر قانونی ‘اسٹریٹ ٹیک اوور’ (Street Takeover) اور ڈریگ ریسنگ کے واقعے نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں۔
نیویارک پولیس (NYPD) نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور متعدد مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کی علی الصبح تقریباً 2 بجے ایلیٹ ایونیو اور 69 ویں اسٹریٹ کے قریب پیش آیا۔
عینی شاہدین اور پولیس رپورٹ کے مطابق، درجنوں گاڑیاں بیچ سڑک دائروں میں گھوم رہی تھیں (Drifting)۔ اس دوران ایک گاڑی سے فلسطینی جھنڈا لہرایا جا رہا تھا، جبکہ مجمع میں موجود کئی افراد نے مفلر (Keffiyeh) پہن رکھے تھے۔
جب پولیس اہلکار مجمع کو منتشر کرنے کے لیے پہنچے تو کچھ شرپسندوں نے پولیس کی گاڑی کے بونٹ پر چھلانگیں لگائیں، جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا اور ونڈ شیلڈ ٹوٹ گئی۔ اس کے بعد ملزمان ایک سیاہ رنگ کی گاڑی میں فرار ہو گئے۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے، تاہم آٹھ افراد اور چار گاڑیوں کی تصاویر جاری کر دی گئی ہیں اور عوام سے ان کی شناخت میں مدد طلب کی گئی ہے۔ پولیس نے علاقے میں گشت بڑھا دیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسی خطرناک ڈرائیونگ کو روکا جا سکے۔
