New York and New Jersey Attorneys General Probe FIFA Ticket Pricing Practices

یہ تحقیقات میٹ لائف اسٹیڈیم (MetLife Stadium) میں شیڈول آٹھ اہم میچوں، بشمول فائنل میچ، کے ٹکٹوں کی فروخت پر مرکوز ہیں۔

Atif Khan

نیویارک (ویب ڈیسک): فیفا ورلڈ کپ کے میچز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت میں مبینہ طور پر غیر منصفانہ اور دھوکہ دہی پر مبنی طریقہ کار اپنانے پر فیفا (FIFA) کے خلاف اعلیٰ قانونی سطح پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

نیویارک کی اٹارنی جنرل ٹیٹیا (ٹش) جیمز اور نیو جرسی کی قائم مقام اٹارنی جنرل جینیفر ڈیوین پورٹ نے مشترکہ طور پر فیفا کو باقاعدہ سمن (Subpoenas) جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔

یہ تحقیقات میٹ لائف اسٹیڈیم (MetLife Stadium) میں شیڈول آٹھ اہم میچوں، بشمول فائنل میچ، کے ٹکٹوں کی فروخت پر مرکوز ہیں۔

فیفا پر الزام ہے کہ اس نے ‘ویری ایبل پرائسنگ’ (Variable Pricing) کے نظام کا سہارا لے کر ٹکٹوں کی قیمتیں مصنوعی طور پر انتہائی بلند کیں، جبکہ اسٹیڈیم کے نقشوں میں اچانک تبدیلی کر کے خریداروں کے ساتھ دھوکہ دہی کی گئی۔

فائنل میچ کے لیے بعض ٹکٹوں کی قیمتیں اس وقت تقریباً 33,000 ڈالرز (تقریباً 91 لاکھ پاکستانی روپے) تک پہنچ چکی ہیں۔

اٹارنی جنرل ٹش جیمز کا کہنا ہے کہ شائقین کو ہیرا پھیری کے ذریعے مہنگے ترین ٹکٹ خریدنے پر مجبور کیا گیا، جبکہ نیو جرسی کی اٹارنی جنرل جینیفر ڈیوین پورٹ نے موقف اپنایا کہ ٹکٹوں کی خریداری کے پیچیدہ اور مبہم نظام کے ذریعے فٹ بال فینز کا استحصال کیا گیا۔

وکلاء اس بات کا بھی جواب مانگ رہے ہیں کہ پچ کے قریب نشستیں بک کرانے والے شائقین کو بعد میں پچ سے دور کیوں منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب، نیویارک اور نیو جرسی کے درمیان رعایتی ٹکٹوں پر بھی تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ نیویارک سٹی کے رہائشیوں کے لیے تو 50 ڈالرز کے سستے ٹکٹوں کی لاٹری کھولی گئی ہے، لیکن نیو جرسی کے شہریوں کو یہ سہولت نہیں دی گئی۔

گورنر مائیکی شیرل سمیت نیو جرسی کے قانون سازوں نے اس پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیو جرسی کے ٹیکس دہندگان بھی ان کھیلوں کی میزبانی کا بل ادا کر رہے ہیں، لہذا انہیں بھی سستے ٹکٹ ملنے چاہئیں۔ واضح رہے کہ نیویارک میں مقامی فینز کے لیے ٹکٹ پورٹل جمعرات کی صبح 10 بجے دوبارہ کھولا جا رہا ہے۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *