Central Park to Host 50,000-Fan Free Screening of FIFA World Cup 2026 Final

یہ دنیا بھر میں فیفا ورلڈ کپ فائنل دیکھنے کے لیے منعقد کی جانے والی سب سے بڑی مفت تقریبات میں سے ایک ہوگی۔

Atif Khan

نیویارک : نیویارک کے میئر زہران کوامے ممدانی، گورنر کیتھی ہوچل اور فیفا کے صدر جانی انفینٹینو نے مشترکہ طور پر اتوار، 19 جولائی 2026 کو ہونے والے فیفا ورلڈ کپ فائنل کے لیے سینٹرل پارک میں ایک بہت بڑی ‘فری واچ پارٹی’ کا اعلان کیا ہے۔

یہ دنیا بھر میں فیفا ورلڈ کپ فائنل دیکھنے کے لیے منعقد کی جانے والی سب سے بڑی مفت تقریبات میں سے ایک ہوگی۔

سینٹرل پارک کے گریٹ لان (Great Lawn) میں منعقد ہونے والی اس واچ پارٹی میں 50,000 شائقین کو مفت داخلہ دیا جائے گا۔ ٹکٹ مشہور فلاحی تنظیم ‘گلوبل سٹیزن’ کے ذریعے ایک شفاف لاٹری سسٹم کے تحت تقسیم کیے جائیں گے۔ لاٹری کے لیے رجسٹریشن جمعرات، 11 جون کو صبح 10 بجے سے شروع ہوگی جو 16 جولائی تک جاری رہے گی۔ عام عوام کے علاوہ، 20 فیصد ٹکٹ مقامی غیر منافع بخش تنظیموں اور نیویارک سٹی سروس کے رضاکاروں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

فائنل میچ کے دن یعنی 19 جولائی کو واچ پارٹی کے دروازے دوپہر 12 بجے کھل جائیں گے جبکہ میچ کا لائیو ٹیلی کاسٹ دوپہر 3 بجے (امریکی وقت کے مطابق) شروع ہوگا۔ اس ایونٹ کو مزید شاندار بنانے کے لیے اسٹیج پر بڑی ملٹی جمبو ایل ای ڈی اسکرینیں نصب کی جائیں گی۔

مشہور ریڈیو نیٹ ورک ‘iHeartRadio’ اس تقریب کا آفیشل میڈیا پارٹنر ہے، اور معروف شخصیات چارلامین تھا گاڈ (Charlamagne tha God) اور ایلوس ڈیوران (Elvis Duran) میزبانی کے فرائض انجام دیں گے۔ میچ کے ساتھ ساتھ لائیو میوزک اور مقامی فوڈ اسٹالز بھی شائقین کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔

اس موقع پر سینٹرل پارک میں “فیفا ایرینا” کے نام سے ایک عارضی منی فٹبال گراؤنڈ (Soccer Pitch) کا فیتہ کاٹ کر باقاعدہ افتتاح بھی کیا گیا۔ یہ گراؤنڈ 10 جون سے 18 جولائی تک کھلا رہے گا جہاں نیویارک کے شہریوں کے لیے فٹبال کے مفت تربیتی کیمپس، مقامی ٹورنامنٹس اور اوپن پلے سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔

نیویارک اسٹیٹ کی جانب سے 6 ملین ڈالر اور نیویارک سٹی کی جانب سے 3.5 ملین ڈالر کی فنڈنگ سے تیار ہونے والے اس منصوبے کا مقصد فائنل میچ کو ہر عام و خاص کے لیے قابلِ رسائی بنانا ہے۔

میئر زہران ممدانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا:ورلڈ کپ کا حصہ بننے کے لیے آپ کو ہزاروں ڈالرز خرچ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہماری انتظامیہ کے تحت، ورکنگ کلاس نیویارکرز اس تاریخی ایونٹ کو بالکل مفت دیکھنے، جشن منانے اور اس سے لطف اندوز ہونے کے حقدار ہیں۔”

گورنر کیتھی ہوچل نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ جو نیویارک کے شہری اسٹیڈیم جا کر میچ نہیں دیکھ سکتے، ہم ورلڈ کپ کو خود ان کے پاس لے آئے ہیں تاکہ وہ دنیا کے بہترین پارک میں بیٹھ کر اس سنسنی خیز مقابلے کا مزہ لے سکیں۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *