دبئی: پاکستان کے مایہ ناز اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو دبئی میں منعقدہ ‘ورلڈ اسپورٹس سمٹ’ کے دوران “گلوبل بریک تھرو ایتھلیٹ” کیٹیگری میں باوقار محمد بن راشد آل مکتوم گلوبل اسپورٹس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
ارشد ندیم کو یہ اعزاز پیرس اولمپکس میں ان کی تاریخی کارکردگی پر دیا گیا، جہاں انہوں نے 92.97 میٹر کی ریکارڈ ساز تھرو کے ساتھ نہ صرف گولڈ میڈل جیتا بلکہ 16 سال پرانا اولمپک ریکارڈ بھی توڑ ڈالاتھا۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں جیولن تھرو کا پہلا اولمپک گولڈ میڈل تھا۔
تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا:
“یہ ایوارڈ میرے اور پاکستان کے لیے انتہائی فخر کا مقام ہے۔ بین الاقوامی سطح پر اس طرح کی پذیرائی سے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور پاکستان میں جیولن تھرو کے کھیل کو فروغ ملے گا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ دبئی حکومت کی جانب سے ملنے والے اس ایوارڈ نے ان کے اعتماد اور جذبے میں اضافہ کیا ہے۔
ارشد ندیم نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی اگلی منزل 2026 کے کامن ویلتھ گیمز اور ایشین گیمز ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ:وہ جنوری سے باقاعدہ ٹریننگ کا آغاز کر دیں گے۔
ان کا مقصد صرف شرکت کرنا نہیں بلکہ پاکستان کے لیے گولڈ میڈلز جیتنا ہے۔
یاد رہے کہ محمد بن راشد آل مکتوم گلوبل اسپورٹس ایوارڈ 2008 میں شروع کیا گیا تھا، جو دنیا بھر میں کھیلوں کے شعبے میں غیر معمولی خدمات اور کامیابیوں پر دیا جاتا ہے۔ اس سال ورلڈ اسپورٹس سمٹ میں ارشد ندیم پاکستان کی نمائندگی کرنے والے واحد کھلاڑی تھے۔
