نیویارک(ویب ڈیسک) : اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کا ایک دو روزہ اعلیٰ سطحی اجلاس منگل سے نیویارک میں شروع ہو رہا ہے، جس میں ورلڈ سمٹ آن دی انفارمیشن سوسائٹی (WSIS) کی گزشتہ 20 سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
یہ اجلاس جنرل اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق 16 اور 17 دسمبر 2025 کو منعقد ہوگا۔ اجلاس کا مقصد انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز (ICTs) کے ذریعے پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) کے حصول میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینا ہے۔
پاکستان بھی اس اہم عالمی کانفرنس میں بھرپور کردار ادا کرے گا اور اجلاس میں شرکت کے لیے اپنا وفد نیویارک بھیج رہا ہے۔
اجلاس کے اہم موضوعات میں ڈیجیٹل خلیج کا خاتمہ، ترقی پذیر ممالک میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر تک رسائی میں بہتری، اور ڈیجیٹل عدم مساوات کو کم کرنا شامل ہیں۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا جائے گا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کو 2030 کے ایجنڈا برائے پائیدار ترقی کے مؤثر نفاذ کے لیے کس طرح استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں انٹرنیٹ گورننس کے مستقبل کے فریم ورک کی تشکیل پر بھی غور کیا جائے گا، جس میں حکومتوں، سول سوسائٹی اور نجی شعبے سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
ڈیجیٹل دور میں انسانی حقوق، آزادیِ اظہار اور نجی معلومات کے تحفظ جیسے اہم امور پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
پاکستانی وفد ان مباحث میں حصہ لے گا اور ایک جامع، ترقی دوست اور شمولیتی انفارمیشن سوسائٹی کے قیام کے وژن کے مطابق پاکستان کا مؤقف پیش کرے گا۔ پاکستان اجلاس کے دوران انفارمیشن سوسائٹی کے اہداف کے نفاذ میں حاصل شدہ کامیابیوں اور درپیش چیلنجز کو بھی اجاگر کرے گا۔
اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد، پاکستانی وفد کا حصہ ہوں گے اور عالمی فورم پر پاکستان کے نقطۂ نظر کی نمائندگی کریں گے۔
اس اجلاس کے نتائج آئندہ برسوں میں اقوامِ متحدہ کے ڈیجیٹل اقدامات اور عالمی ڈیجیٹل تعاون کی سمت کے تعین میں اہم کردار ادا کریں گے۔
