نیٹ فلکس کی کامیاب اور مقبول سیریز ’اسٹرینجر تھنگز‘ اب اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، اور اس کے ایگزیکٹو پروڈیوسر شان لیوی نے فائنل سیزن سے متعلق شائقین کے لیے اہم اشارے دیے ہیں۔
عالمی جریدے PEOPLE سے گفتگو کرتے ہوئے 57 سالہ فلم ساز شان لیوی نے بتایا کہ سیریز کے اختتام میں ناظرین کو دو نمایاں چیزیں دیکھنے کو ملیں گی۔ ان کے مطابق ایک جانب فائنل اتنا طاقتور اور اثر انگیز ہوگا کہ شائقین کو مکمل تسکین ملے گی، جبکہ دوسری جانب طویل عرصے سے جاری محبت کے مثلثی رشتے کا بھی واضح اور حتمی انجام سامنے آ جائے گا۔
شان لیوی کا کہنا تھا کہ نینسی ویلر، اسٹیو ہیرنگٹن اور جوناتھن بائرز کے درمیان جاری جذباتی کشمکش آخرکار کسی نتیجے پر پہنچے گی۔ انہوں نے فائنل کو اپنے کیریئر میں دیکھے گئے بہترین ٹی وی اختتام میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں ’’جینسی‘‘ اور ’’اسٹینسی‘‘ کے تنازعے کو بھی مکمل طور پر حل کر دیا جائے گا۔
پروڈیوسر کے مطابق سیریز کی غیر معمولی مقبولیت کی وجہ صرف 1980 کی دہائی کا ماحول، خوفناک مخلوقات یا موسیقی نہیں، بلکہ سنیما جیسی مضبوط کہانی اور کرداروں کی ذاتی و جذباتی جدوجہد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑے اور چھوٹے جذبات کا یہی امتزاج اس سیریز کو منفرد بناتا ہے۔
شان لیوی نے فائنل سیزن کی شوٹنگ کو ایک جذباتی تجربہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ پوری ٹیم کے لیے یہ مرحلہ خوشی اور اداسی دونوں احساسات کا مجموعہ تھا، کیونکہ سب جانتے تھے کہ ایک یادگار سفر اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے۔
ان کے مطابق، اگرچہ یہ رشتے ہمیشہ قائم رہیں گے، مگر کہانی کے خاتمے کا احساس سب کے لیے آنکھوں میں آنسو اور چہروں پر مسکراہٹ کا سبب بنا رہا۔
واضح رہے کہ ’اسٹرینجر تھنگز‘ سیزن 5 والیم 2 کی ریلیز 25 دسمبر کو ہوگی، جبکہ سیریز کا آخری ایپی سوڈ 31 دسمبر، نئے سال کی شام نشر کیا جائے گا۔
