عاطف خان | 4نومبر
نیو یارک: نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے 600 سے زائد کیڈٹس نے اپنی تعلیم اور تربیت مکمل کرنے کے بعد پولیس افسران کے طور پر حلف اٹھا لیا۔
ان نئے گریجویٹس میں پاکستانی نژاد افسرہ اقصیٰ تسلیم بھی شامل ہیں، جو امریکی ایئر فورس ریزرو فورس میں بھی خدمات انجام دے رہی ہیں۔
نیویارک کے میڈیسن اسکوائر گارڈن تھیٹر میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے 646 گریجویٹس کو اعزازات سے نوازا گیا۔ پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے نئے افسران کو سرٹیفکیٹس اور اعزازات دیے، جن میں پاکستانی نژاد اقصیٰ تسلیم بھی شامل تھیں۔
پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ نیویارک پولیس کی پہلی خاتون کمشنر بنیں تو پولیس کے مستقبل کے حوالے سے کئی سوالات اٹھائے جا رہے تھے، لیکن آج چار دہائیوں بعد پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں خواتین افسران پولیس میں شامل ہوئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی کارکردگی میں بہتری کے باعث شہر میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔
