Singapore Ceremony Honors Pakistan’s Contribution to FIFA World Cup 2026 Equipment

دنیا کے سب سے بڑے فٹبال ٹورنامنٹ میں استعمال ہونے والی میچ بال پاکستان میں تیار کی گئی ہے

Editor News

سنگاپور: سنگاپور میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آغاز کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کی سنگاپور میں تعینات ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس تقریب کی میزبانی میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے سفراء نے مشترکہ طور پر کی۔

تقریب کے دوران مختلف سفارتی شخصیات نے آئندہ فیفا ورلڈ کپ 2026 سے متعلق تیاریوں اور بین الاقوامی تعاون پر گفتگو کی۔ اس موقع پر ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کی آفیشل میچ بال “ٹریونڈا (Trionda)” پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس عالمی ایونٹ میں پاکستانی مہارت کا نمایاں کردار پاکستان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات قابلِ فخر ہے کہ دنیا کے سب سے بڑے فٹبال ٹورنامنٹ میں استعمال ہونے والی میچ بال پاکستان میں تیار کی گئی ہے، جو ملک کی صنعتی مہارت اور عالمی معیار کی عکاسی کرتی ہے۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کی آفیشل فٹبال “ٹریونڈا” پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں تیار کی گئی ہے، جو دنیا بھر میں کھیلوں کے سامان کی تیاری کے حوالے سے ایک اہم مرکز سمجھا جاتا ہے۔

سیالکوٹ کی فٹبال انڈسٹری گزشتہ کئی دہائیوں سے عالمی سطح پر اپنی پہچان رکھتی ہے اور یہ شہر دنیا کی بڑی تعداد میں ہاتھ سے سلے ہوئے فٹبالز تیار کرنے کے لیے مشہور ہے۔ اطلاعات کے مطابق، سیالکوٹ دنیا کے تقریباً 70 فیصد ہاتھ سے سلے ہوئے فٹبالز تیار کرتا ہے اور فیفا ایونٹس کے لیے آفیشل فٹبالز کی تیاری میں بھی اس کا اہم کردار رہا ہے۔

تقریب کے شرکاء نے پاکستانی فٹبال انڈسٹری کے معیار، مہارت اور مسلسل ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی یہ صنعت عالمی اسپورٹس مارکیٹ میں ایک مضبوط مقام رکھتی ہے۔

یہ پیش رفت نہ صرف پاکستان کے لیے اعزاز ہے بلکہ عالمی کھیلوں کی صنعت میں ملک کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *