واشنگٹن(ویب ڈیسک): عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ برطانوی برینٹ خام تیل کی قیمت میں 78 سینٹ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد قیمت 105.80 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 84 سینٹ مہنگا ہونے کے بعد 99.10 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز برطانوی اور امریکی خام تیل کی قیمتوں میں 5 فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی تھی۔ ماہرین کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران سے متعلق بیانات اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی آئل مارکیٹ میں شدید اتار چڑھاؤ کا باعث بن رہی ہے۔
صدر ٹرمپ کی جانب سے امریکا کو دوبارہ خبردار کیے جانے کے بعد تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی غیر یقینی سیاسی صورتحال عالمی توانائی مارکیٹ کو مسلسل متاثر کر رہی ہے۔
عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
