نیویارک (ویب ڈیسک): عالمی شہرت یافتہ ملبوساتی برانڈ یونیکلو (UNIQLO) نے نیویارک سٹی میں اپنی موجودگی کو مزید وسعت دیتے ہوئے تین نئے اسٹورز کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔
نئے آؤٹ لیٹس کے افتتاح کے موقع پر ابتدائی خریداروں کے لیے خصوصی تحائف اور مختلف فری بیز دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق پہلا اسٹور برائنٹ پارک (Bryant Park) میں جمعہ کی صبح 10 بجے کھولا جائے گا۔ افتتاح کے موقع پر پہلے 500 خریداروں کو PopUP Bagels کی جانب سے مفت ناشتہ اور یونیکلو کا خصوصی بیگ دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ 99 ڈالر یا اس سے زیادہ کی خریداری کرنے والے صارفین کو خصوصی نیو یارک سٹی ٹوٹ بیگ بھی بطور تحفہ فراہم کیا جائے گا۔
دوسرا اسٹور 20 مارچ کو بروکلین کے علاقے ولیمز برگ (Kent Avenue) میں کھولا جائے گا، جو بروکلین میں یونیکلو کا دوسرا آؤٹ لیٹ ہوگا۔
اسی طرح تیسرا بڑا اسٹور 3 اپریل کو یونین اسکوائر (Union Square) میں عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق ان نئے اسٹورز میں نیویارک سٹی سے متعلق خصوصی برانڈڈ مصنوعات بھی دستیاب ہوں گی، جن میں نیو یارک پبلک لائبریری کے لوگو والی ٹی شرٹس اور بیگز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ معروف آرٹسٹ لارین مارٹن کی ڈیزائن کردہ خصوصی ٹی شرٹس بھی ان اسٹورز میں فروخت کے لیے پیش کی جائیں گی۔
