نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک کے میئر زہران کوامے ممدانی اور محکمہ ٹرانسپورٹیشن (NYC DOT) کے کمشنر مائیک فلن نے گرین پوائنٹ میں میک گینس بلیوارڈ کی مکمل ری ڈیزائننگ کے لیے باقاعدہ تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت پورے کوریڈور پر پارکنگ سے محفوظ بائیک لینز (Parking-Protected Bike Lanes) بنائی جائیں گی، جس سے پیدل چلنے والوں، سائیکل سواروں اور ڈرائیوروں کے لیے سڑک کو محفوظ بنایا جا سکے گا۔
میئر زہران ممدانی نے اپنی حلف برداری کے چند ہی دن بعد 3 جنوری کو اس طویل عرصے سے التوا کا شکار منصوبے کو آگے بڑھانے کا اعلان کیا تھا، جس پر اب باقاعدہ کام شروع ہو چکا ہے اور اسے رواں سال خزاں کے اوائل تک مکمل کر لیا جائے گا۔
اس منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد میک گینس بلیوارڈ پر دونوں سمتوں میں ایک ٹریول لین، ایک پارکنگ پروٹیکٹڈ بائیک لین اور ایک کرب سائیڈ لوڈنگ لین دستیاب ہوگی۔
اس موقع پر میئر زہران ممدانی نے کہا کہ “ہماری انتظامیہ نے پہلے دن ہی واضح کر دیا تھا کہ نیویارک سٹی کا یہ نیا دور امیروں اور بااثر افراد کی مرضی کے بجائے محنت کش عوام کی بھلائی کے لیے ہوگا۔ گرین پوائنٹ کے رہائشیوں نے جس محفوظ میک گینس بلیوارڈ کے لیے طویل جدوجہد کی، آج وہ خواب حقیقت بننے جا رہا ہے۔”
محکمہ ٹرانسپورٹیشن کے کمشنر مائیک فلن کا کہنا تھا کہ نیویارک کی سڑکوں پر ہر شہری کو خود کو محفوظ محسوس کرنا چاہیے۔ سڑکوں کی اس قسم کی ری ڈیزائننگ سے نیویارک سٹی میں ٹریفک حادثات اور ہلاکتوں میں 30 فیصد تک کمی دیکھی گئی ہے۔
کانگریس وومن نیڈیا ویلاسکوز، اسمبلیمبر ایملی گیلینگر، سٹیٹ سینیٹر کرسٹن گونزالیز اور بروکلین بورپریذیڈنٹ انتونیو رینوسو سمیت دیگر مقامی رہنماؤں اور سیف اسٹریٹ تحریک کے کارکنوں نے بھی اس منصوبے کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے کمیونٹی کی ایک بڑی جیت قرار دیا ہے۔
