Iran Says Thousands of Fans Could Miss World Cup 2026 Over Ticket Restriction

ایران نے اس اقدام کو فیفا کے اپنے قوانین اور عالمی کھیلوں کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

Editor News

نیویارک/میڈرڈ: فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے باقاعدہ آغاز سے چند روز قبل ہی ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ ایرانی فٹبال فیڈریشن نے سنسنی خیز دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی شائقینِ فٹبال کے لیے مخصوص کیے گئے میچز کے ٹکٹس اچانک واپس لے لیے گئے ہیں، جس کے بعد کھیلوں کا یہ عالمی میلہ سیاست کی نظر ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

ایرانی فٹبال فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ ایک آفیشل بیان میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ کپ میچز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا عمل کامیابی سے جاری تھا کہ اچانک ایرانی کوٹے کے ٹکٹس کو “ناقابلِ دسترسی” (Unavailable) کر دیا گیا۔ اس اچانک فیصلے نے ان ہزاروں ایرانی مداحوں کو شدید مایوسی اور اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے جو پہلے ہی فلائٹس، ہوٹل بکنگ اور دیگر سفری انتظامات پر لاکھوں روپے خرچ کر چکے تھے اور اب اپنی قومی ٹیم کو ایکشن میں دیکھنے سے محروم ہو سکتے ہیں۔

ایران نے اس اقدام کو فیفا کے اپنے قوانین اور عالمی کھیلوں کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ فیفا کے ضوابط کے مطابق ایونٹ میں شریک ہر ملک کو اس کے میچز کے کل ٹکٹوں کا تقریباً 8 فیصد کوٹہ دیا جاتا ہے، جسے وہ فیڈریشن اپنی مرضی سے شائقین میں تقسیم کرتی ہے۔ ایرانی حکام کا موقف ہے کہ اس فیصلے کے پیچھے واضح طور پر سیاسی عوامل کارفرما ہیں جو کھیلوں کی دنیا میں مساوات کے اصول کے منافی ہیں۔

اگرچہ ایرانی فیڈریشن نے اپنے بیان میں کسی مخصوص ملک یا ادارے کا نام نہیں لیا کہ یہ ٹکٹ کس کے دباؤ یا فیصلے پر روکے گئے، تاہم انہوں نے فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی ‘فیفا’ (FIFA) سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی غیر جانبداری ثابت کرے اور انصاف کے اصولوں کے تحت اس مسئلے کو فوری حل کرے۔

دوسری جانب، اس کشیدگی کو کم کرنے کے لیے فیفا کے سیکریٹری جنرل میتھیاس گرافسٹروم نے ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج سے ایک اہم ملاقات کی ہے۔ فیفا حکام نے اس ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ فیفا ایرانی ٹیم، وفد اور اس سے جڑے معاملات کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا سفری منصوبے بنانے والے ایرانی شائقین اسٹیڈیم پہنچ پاتے ہیں یا سیاست ان کا یہ خواب چھین لے گی۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *