نیویارک: امریکی سیاست اور قانون ساز اداروں میں مسلم کمیونٹی کی نمائندگی بڑھانے کی کوششیں رنگ لے آئیں، جہاں ریاست نیوجرسی کے ڈسٹرکٹ 12 سے ڈیموکریٹک پارٹی کے مسلم امیدوار ڈاکٹر آدم حماوی (Dr. Adam Hamawy) نے پرائمری الیکشن میں شاندار کامیابی حاصل کر لی . اس تاریخی فتح پر امریکی مسلم کمیونٹی اور ووٹرز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ڈاکٹر آدم حماوی ایک سابق امریکی فوجی سرجن (Combat Trauma Surgeon) ہیں جنہوں نے عراق جنگ میں گرانقدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے عراقی جنگ کے دوران شدید زخمی ہونے والی مشہور امریکی سینیٹر ٹیمی ڈک ورتھ (Tammy Duckworth) کا آپریشن کر کے ان کی جان بچائی تھی۔ حال ہی میں وہ غزہ میں ایک طبی مشن پر بھی رضاکارانہ خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران ان کے مقبول نعرے “ہیلتھ کیئر، ناٹ بومبز” (Healthcare, Not Bombs) کو مقامی ترقی پسند اور کمیونٹی تنظیموں کی بھرپور حمایت حاصل ہوئی۔
ڈاکٹر آدم حماوی کی اس انتخابی مہم میں پاکستانی امریکن کمیونٹی نے انتہائی متحرک اور کلیدی کردار ادا کیا۔ معروف کاروباری و سماجی شخصیت عدنان بخاری نے اپنے قریبی دوستوں کے ساتھ مل کر گزشتہ ماہ ناسو کاؤنٹی (Nassau County) میں ڈاکٹر حماوی کے اعزاز میں ایک پروقار ‘میٹ اینڈ گریٹ’ اور فنڈ ریزنگ تقریب کا اہتمام کیا۔
اسی طرح، نیوجرسی کی ممتاز کاروباری و سماجی شخصیت نک سلیم نے بھی اپنی رہائش گاہ پر ایک کامیاب فنڈ ریزنگ تقریب منعقد کر کے مہم کو مضبوط کیا۔
ڈیموکریٹک پرائمری الیکشن میں 12 دیگر امیدواروں کو شکست دینے کے بعد، ڈاکٹر آدم حماوی اب رواں سال نومبر میں ہونے والے وسط مدتی (Midterm) عام انتخابات میں ری پبلکن امیدوار گریگ میلی (Greg Mele) کے متبادل میدان میں اتریں گے۔ چونکہ یہ ڈسٹرکٹ ڈیموکریٹک پارٹی کا مضبوط گڑھ مانا جاتا ہے، اس لیے مسلم کمیونٹی کو قوی امید ہے کہ ڈاکٹر حماوی عام انتخابات میں بھی باآسانی کامیابی حاصل کر کے امریکی کانگریس کے اگلے مسلمان رکن بن جائیں گے۔
