لندن (ویب ڈیسک): پاکستانی لیگ اسپنر ابرار احمد نے انگلینڈ کی مشہور کرکٹ لیگ ‘دی ہنڈریڈ’ (The Hundred) کی نیلامی میں بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔
انڈین مالکانہ حقوق رکھنے والی ٹیم سن رائزرز لیڈز (Sunrisers Leeds) نے تمام تر میڈیا رپورٹس کے برعکس ابرار احمد کو 1 لاکھ 90 ہزار پاؤنڈ (تقریباً 2 لاکھ 54 ہزار ڈالر) میں اپنی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔
گزشتہ ماہ برطانوی نشریاتی ادارے (BBC) نے رپورٹ کیا تھا کہ انڈین مالکان والی چار ٹیمیں (مانچسٹر سپر جائنٹس، ایم آئی لندن، سدرن بریو، اور سن رائزرز لیڈز) پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستانی کھلاڑیوں کو سائن نہیں کریں گی۔ تاہم، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ECB) اور تمام فرنچائزز نے واضح کیا تھا کہ کسی بھی کھلاڑی کو اس کی قومیت کی بنیاد پر انتخاب سے محروم نہیں رکھا جائے گا۔
27 سالہ ابرار احمد نے 2024 میں ڈیبیو کے بعد سے اب تک 38 ٹی 20 میچوں میں 52 وکٹیں حاصل کی ہیں، جبکہ ان کا اکانومی ریٹ محض 6.67 رہا ہے۔ سن رائزرز لیڈز نے ابرار کے لیے بولی کا آغاز 1 لاکھ 30 ہزار پاؤنڈ سے کیا اور ٹرینٹ راکٹس کو شکست دے کر انہیں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا۔
دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کی صورتحال
عثمان طارق برمنگھم فینکس نے انہیں 1 لاکھ 40 ہزار پاؤنڈ میں خریدا جبکہ
شاداب خان اور حارث رؤف بدقسمتی سے اس نیلامی میں کسی ٹیم نے ان میں دلچسپی ظاہر نہیں کی اور وہ فروخت نہ ہو سکے۔
نیلامی کے پہلے حصے میں 21 سالہ آل راؤنڈر جیمز کولز سب سے مہنگے کھلاڑی ثابت ہوئے، جنہیں لندن اسپرٹ نے 3 لاکھ 90 ہزار پاؤنڈ میں خریدا۔ ویلش فائر نے انگلینڈ کے سابق کپتان جو روٹ اور جارڈن کاکس کا انتخاب کیا۔
دی ہنڈریڈ کا میلہ 21 جولائی سے 16 اگست تک سجے گا، جو دنیا کی واحد کرکٹ لیگ ہے جہاں ہر اننگز 100 گیندوں پر مشتمل ہوتی ہے
