لاس اینجلس(ویب ڈیسک): موسیقی کی دنیا کی سب سے بڑی رات ‘گریمی ایوارڈز’ کا میلہ اتوار (آج) لاس اینجلس میں سجنے جا رہا ہے، جہاں کینڈرک لیمار، بیڈ بنی اور لیڈی گاگا جیسے عالمی شہرت یافتہ فنکار نئی تاریخ رقم کرنے کے لیے پرامید ہیں۔ یہ تینوں سپر اسٹارز انڈسٹری کے سب سے معتبر اعزاز ‘البم آف دی ایئر’ کو پہلی بار اپنے نام کرنے کی دوڑ میں شامل ہیں۔
پلٹزر پرائز یافتہ ریپر کینڈرک لیمار اپنے البم “GNX” کے ساتھ اس سال 9 نامزدگیوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ 38 سالہ لیمار، جنہوں نے گزشتہ سال اپنے مشہور ڈس ٹریک “Not Like Us” کے لیے پانچ گریمی جیتے تھے، اس بار بھی ‘ریکارڈ آف دی ایئر’ اور ‘سونگ آف دی ایئر’ کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔
پورٹو ریکو سے تعلق رکھنے والے بیڈ بنی اپنے البم “Debi Tirar Mas Fotos” کے لیے میدان میں ہیں۔ اگر وہ ‘البم آف دی ایئر’ جیتتے ہیں، تو یہ گریمی کی 68 سالہ تاریخ میں پہلا غیر ملکی زبان (ہسپانوی) کا البم ہوگا جسے یہ اعزاز ملے گا۔
: پاپ کوئن لیڈی گاگا اپنے البم “Mayhem” کے ساتھ 7 زمروں میں نامزد ہیں۔ ‘البم آف دی ایئر’ کی جیت ان کے کیریئر کی بڑی کامیابیوں کا تکون (Hat-trick) مکمل کر دے گی۔
پاپ اسٹار جسٹن بیبر (چار سال بعد واپسی پر)، سبرینا کارپینٹر، ٹائلر دی کریئیٹر، اور کپلسی (Clipse) بھی ٹاپ ایوارڈز کی دوڑ میں شامل ہیں۔
تقریب میں لیڈی گاگا، جسٹن بیبر، سبرینا کارپینٹر اور برونو مارس اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔ اس کے علاوہ آنجہانی راک اسٹار اوزی اوسبورن کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے پوسٹ میلون اسٹیج سنبھالیں گے۔
موسیقی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بار ریپ، ریگیٹن اور کے-پاپ (K-pop) کی بڑی کیٹیگریز میں شمولیت ریکارڈنگ اکیڈمی کے ووٹنگ گروپ میں تبدیلی کا نتیجہ ہے۔ اکیڈمی نے 3,800 نئے ارکان شامل کیے ہیں، جن میں 58 فیصد غیر سفید فام اور نصف سے زائد نوجوان (39 سال سے کم عمر) ہیں۔
مشہور کامیڈین ٹریور نوآ (Trevor Noah) چھٹی اور آخری بار اس رنگا رنگ تقریب کی میزبانی کے فرائض انجام دیں گے۔
