کیلیفورنیا (ویب ڈیسک): ٹیک انڈسٹری کی معروف کمپنی گوگل نے اپنے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) پر مبنی نوٹ میکنگ اور ریسرچ ایپ ‘NotebookLM’ کا نام تبدیل کر کے ‘Gemini Notebook’ کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ گوگل کے مطابق 16 جولائی کو کیے جانے والے اس فیصلے کے بعد بھی یہ ایپ ایک آزاد (Standalone) پراڈکٹ کے طور پر کام کرتی رہے گی، تاہم اب اسے گوگل کے وسیع تر ایکو سسٹم، بشمول جیمنائی ایپ اور گوگل سرچ کے ساتھ مزید قریب کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ‘Gemini Notebook’ کا آغاز گوگل کی سالانہ کانفرنس I/O 2023 میں ‘پروجیکٹ ٹیل ونڈ’ (Project Tailwind) کے نام سے ہوا تھا۔ بعد ازاں اسے ‘NotebookLM’ کے نام سے لانچ کیا گیا، جس کا مقصد صارفین کو ان کے اپنے فراہم کردہ مواد کو سمجھنے، خلاصہ کرنے اور ترتیب دینے میں مدد کرنا تھا۔ گوگل کے اعداد و شمار کے مطابق، اس وقت 30 ملین (3 کروڑ) سے زائد افراد اور 6 لاکھ سے زیادہ تنظیمیں اس پراڈکٹ کا استعمال کر رہی ہیں۔
اس ری برانڈنگ کا مقصد ایپ کو گوگل کے جیمنائی برانڈ کے مزید قریب لانا ہے۔ اب صارفین جیمنائی ایپ کے اندر رہتے ہوئے ہی اپنے نوٹ بکس بنا سکیں گے اور ان تک رسائی حاصل کر سکیں گے، کیونکہ دونوں ایپس کے درمیان ڈیٹا خودکار طور پر مطابقت پذیر (Sync) ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ گوگل کا منصوبہ ہے کہ وہ جلد ہی نوٹ بکس کو براہ راست ‘گوگل سرچ کے اے آئی موڈ’ کا حصہ بنا دے گا، جس سے صارفین کے لیے اپنی ریسرچ تک رسائی مزید آسان ہو جائے گی۔
نام کی تبدیلی کے ساتھ ہی گوگل نے جیمنائی نوٹ بک کے لیے ایک محفوظ کلاؤڈ کمپیوٹر فیچر بھی متعارف کرایا ہے۔ یہ نیا فیچر ہر نوٹ بک کو مقامی طور پر کوڈ لکھنے اور اسے چلانے (Execute) کی صلاحیت فراہم کرتا ہے، جس سے صارفین اپنے اپ لوڈ کردہ مواد کا گہرائی سے ڈیٹا تجزیہ (Data Analysis) کر سکیں گے۔
یہ اپ ڈیٹ فی الحال گوگل اے آئی الٹرا (AI Ultra) صارفین اور ورک اسپیس بزنس کسٹمرز کے لیے دستیاب ہے، جبکہ آنے والے چند ہفتوں میں اسے ویب پر موجود تمام پرو (Pro) صارفین کے لیے بھی پیش کر دیا جائے گا۔
گوگل نے اس ایپ کو محض بنیادی نوٹ لینے تک محدود نہیں رکھا۔ یہ ایپ پہلے ہی صارفین کے نوٹس اور ذرائع کو آڈیو اور ویڈیو خلاصوں سمیت دیگر تحقیقی فارمیٹس میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ کمپنی کے مطابق، نیا کوڈ ایگزیکیوشن فیچر اب اس سے بھی زیادہ جدید آؤٹ پٹ فارمیٹس تیار کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
گوگل نے ابھی تک سرچ کے اے آئی موڈ میں اس فیچر کی شمولیت کی کوئی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے، تاہم جیمنائی نوٹ بک کے موجودہ صارفین اس نئی تبدیلی کا تجربہ اب بھی کر سکتے ہیں





