ممبئی/بارامتی(رائٹرز): بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹرا کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار بدھ کے روز ایک المناک طیارہ حادثے میں ہلاک ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے چارٹر طیارے میں آگ لگنے کے نتیجے میں اجیت پوار سمیت مجموعی طور پر 6 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ٹیلی ویژن چینلز پر دکھائی جانے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک کھلے میدان میں گرے ہوئے طیارے کے ملبے سے دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں اور آگ لگی ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اجیت پوار ممبئی سے بارامتی جا رہے تھے جہاں انہیں مقامی انتخابات کے سلسلے میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرنا تھا۔
رپورٹس کے مطابق طیارے نے بارامتی میں ہنگامی لینڈنگ (Emergency Landing) کی کوشش کی لیکن وہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حادثہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا یا اس کی وجہ خراب موسم تھی۔
مقامی لوگ حادثے کی جگہ پر امداد کے لیے فوری طور پر پہنچ گئے، تاہم طیارے میں لگی شدید آگ نے ریسکیو کاموں میں مشکلات پیدا کیں۔ سرکاری حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تفصیلات اور حتمی بیان کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
اجیت اننت راؤ پوار مہاراشٹرا کی سیاست کا ایک بڑا نام تھے وہ مہاراشٹرا کے سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے نائب وزیر اعلیٰ تھے۔ انہوں نے مختلف حکومتوں کے تحت 6 مرتبہ اس عہدے پر کام کیا۔
وہ دسمبر 2024 سے ایکناتھ شندے اور دیویندر فڑنویس کی کابینہ میں بطور نائب وزیر اعلیٰ فرائض انجام دے رہے تھے۔
دیگر عہدے: وہ 2022 سے 2023 تک مہاراشٹرا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بھی رہے اور 1991 میں بارامتی سے لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے تھے۔
اجیت پوار کی اچانک وفات سے بھارتی سیاست، بالخصوص ریاست مہاراشٹرا میں ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے۔
