بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع بھنڈ میں یوم آزادی کی تقریب کے دوران ایک مضحکہ خیز واقعہ پیش آیا جب ایک شہری نے صرف ایک لڈو ملنے پر وزیراعلیٰ ہیلپ لائن پر شکایت درج کرادی۔
میڈیا کے مطابق ضلع بھنڈ کے گرام پنچایت بھون میں 15 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر انتظامیہ نے شرکا میں ہر ایک کو دو لڈو تقسیم کیے۔
تاہم، کملیش خوشواہا نامی ایک شہری کو دو کے بجائے صرف ایک لڈو دیا گیا۔
کملیش نے انتظامیہ سے دو لڈو کا مطالبہ کیا لیکن اسے انکار کا سامنا کرنا پڑا۔
اس پر غصے میں آکر کملیش نے فوری طور پر وزیراعلیٰ ہیلپ لائن پر شکایت درج کرادی اور اپنی تحریری شکایت میں انہوں نے لکھا کہ پنچایت یوم آزادی کے موقع پر مٹھائی کی منصفانہ تقسیم میں ناکام رہی اور اس معاملے پر فوری کارروائی کی جائے۔
رپورٹ کے مطابق پنچایت کے سیکرٹری نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کملیش تقریب کے دوران باہر سڑک پر کھڑا تھا اور اسے ایک لڈو دیا گیا لیکن اس نے دو لڈو پر اصرار کیا اور انکار پر اس نے ہیلپ لائن پر شکایت درج کروائی۔
رپورٹس کے مطابق پنچایت نے تنازعہ ختم کرنے کے لیے کملیش کو ایک کلو مٹھائی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔