Hajj 2026 Sermon: Imam Sheikh Al-Hudhaifi Urges Muslims to Embrace Taqwa and Prepare for the Hereafter

Editor News

مکہ مکرمہ: مسجد نبویؐ کے امام شیخ علی بن عبدالرحمان الحذیفی نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے امتِ مسلمہ پر زور دیا ہے کہ تمام گناہ چھوڑ کر قیامت کے دن کی تیاری کی جائے کیونکہ اس دن کے آنے میں کوئی شک نہیں۔ آخرت کی بہترین تیاری صرف اور صرف اللہ کی عبادت اور تقویٰ اختیار کرنے میں ہے۔

خطبہ حج کے دوران انہوں نے ایمان والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو، تقویٰ اختیار کرو اور اپنے عہد کی پاسداری کرو۔” انہوں نے واضح کیا کہ تقویٰ اختیار کرنا ایمان والوں کی شان ہے اور اہل ایمان کا بنیادی خاصہ یہ ہے کہ وہ ہمیشہ اللہ کی توحید پر عمل پیرا رہتے ہیں اور کسی کو رب کا شریک نہیں ٹھہراتے۔

شیخ الحذیفی نے مزید کہا کہ مسلمان توحید کی دعوت پر لبیک کہتے ہیں۔ ایمان والوں کے سامنے جب اللہ کی آیات پیش کی جاتی ہیں تو ان کے دل نرم پڑ جاتے ہیں۔ یہ وہ عظیم اور مقدس جگہ ہے جہاں اللہ تعالیٰ نے اپنا پاک کلام نازل فرمایا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نبی اکرم ﷺ اللہ کے آخری رسول اور خاتم النبین ہیں۔

صبر، شکر اور وحدت کی تاکید:
خطبے میں مسلمانوں کو ہدایت کی گئی کہ ہر مصیبت میں صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، کیونکہ صبر کرنے والوں کے لیے اللہ نے اجرِ عظیم کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ جن قوموں نے ظلم کیا اور ناشکری کی، ان سے اللہ کی نعمتیں چھین لی گئیں، اس لیے اللہ کی نعمتوں کا شکر ادا کرتے ہوئے ان سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

امامِ مسجد نبویؐ نے حجاج کرام کو نصیحت کی کہ حج کے دوران کسی قسم کے لڑائی جھگڑے اور ایسے عمل سے سخت گریز کریں جس سے مسلمانوں کی وحدت کو نقصان پہنچے۔ ہمیشہ سچ بولیں، جھوٹ اور غلط بیانی سے بچیں، اور مناسکِ حج بہترین انداز میں ادا کرتے ہوئے ہر لمحہ مغفرت کی دعا کرتے رہیں۔

خطبے کے اختتام پر امتِ مسلمہ کی یکجہتی، ہدایت اور حالات کی بہتری کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ خطبہ حج کے بعد مسجد نمرہ میں حجاج کرام نے نمازِ ظہر اور عصر ایک ساتھ قصر و جمع کی صورت میں ادا کیں۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *